کشمیریوں کے قاتلوں سے ملاقاتیں سمجھ سے بالاتر ہیں، چودھری نثار

Last Updated On 04 April,2018 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چودھری نثار علی خان نے مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کی بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کے پس منظر میں بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

چودھری نثار کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی ملاقاتوں سے پہلے سوچنا چاہیے کہ ہم خون میں لت پت کشمیریوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی اور عمل میں یہ ابہام اور تضاد دور ہونے تک کشمیریوں کی مدد کا دعویٰ دکھاوا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں پر بد ترین مظالم، پاکستان نے معاملہ بھارت کے سامنے اٹھا دیا

سابق وزیرِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں ہمارے سفارت کاروں پر زمین تنگ کی جا رہی ہے، ایسے حالات میں ہم اسلام آباد میں ان کو بلا کر دوستی کی باتیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر نوٹس تو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی لیا ہے جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ان واقعات کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادھر ہم ایسے پیغام دے رہے ہیں جیسے اس خطے میں سب اچھا ہے۔ شہید کئے جانے والے کشمیری پاکستان کے قومی پرچم میں دفن ہو رہے ہیں اور ہم ان کے قاتلوں سے ایسے ملاقاتیں کر رہے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔