اسلام آباد: (دنیا نیوز) کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ ایک گھٹیا کام ہے ، تمام عدالتیں اور جج پاکستان کی امانت ہیں۔
رکن قومی اسمبلی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیاستدان آئین بناتے ہیں اور عدالتیں ان کی تشریح کرتی ہیں ، ہم آئین پر فائر نہیں کر سکتے، ہم ان لوگوں کے خلاف ہیں جو آئین کو پھاڑ کر اسے پھینک دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم آئین بنانے والوں اور اس کی تشریح کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے۔ سپریم کورٹ ترجمان کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ گذشتہ رات 10:45اور دوسرا صبح 9:45 پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک گولی مرکزی دروازے جبکہ دوسری کچن کی کھڑکی پر لگی۔
واقعے کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچے اور واقعے کی خود نگرانی کی۔ آئی جی پنجاب سے بھی رپورٹ طلب کی۔ پولیس اور رینجرز کی نفری بھی جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا۔