سابق وزیر اعظم لندن میں اپنی اہلیہ کی عیادت کریں گے ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بھی ان کے ساتھ ہیں
اسلام آباد (دنیا نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن روانہ ہوگئے، 22 اپریل کو وطن واپسی کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ن کے جلسے مؤخر کر دیئے گئے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کو سخت سکیورٹی میں رائیونڈ سے علامہ اقبال ایئرپورٹ لے جایا گیا جہاں سے وہ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے۔
نواز شریف لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرینگے، خاندانی ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے بعد طبیعت انتہائی خراب ہے، نواز شریف اور مریم نواز کی 22 اپریل کو وطن واپسی کا امکان ہے۔ آج بدھ سے جمعہ تک احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جائے گی۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن کے تمام جلسے مؤخر کر دیئے گئے۔ نواز شریف اور مریم نواز نے 20 اپریل کو لالہ موسیٰ میں خطاب کرنا تھا۔ 21 اپریل کو ساہیوال جبکہ 22 کو مانسہرہ میں جلسہ تھا۔ جلسوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔