متاثرہ لڑکی کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا، دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے 24 گھنٹے میں واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی
سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹ میں اوباش نوجوان نے گھریلو ملازمہ پر تیزاب انڈیل دیا جس سے لڑکی کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا، متاثرہ لڑکی کی تشویشناک حالت کے باعث لاہور ریفر کر دیا گیا۔ دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کر لی۔
سیالکوٹ کے علاقے پاک پورہ میں اوباش نوجوان کی بہیمانہ حرکت، محنت کش لڑکی پر تیزاب انڈیل دیا۔ 25سالہ عاصمہ عبد القدوس نامی شخص کے گھر کام کرتی تھی۔ علاقے کا آوارہ منش نوجوان رضوان عاصمہ کو آتے جاتے تنگ کرتا تھا جس پر اس کے لواحقین نے ملزم کے والدین کو شکایت کی تو ملزم طیش میں آگیا اور انتقامی طور پر عاصمہ پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب گردی سے لڑکی کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا۔
لواحقین کا کہنا ہے متاثرہ لڑکی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم ایک گھنٹہ گزر جانے کے باوجود علاج معالجہ شروع نہ ہو سکا۔ بعد ازاں لڑکی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔
دنیا نیوز نے بے کس لڑکی پر تیزاب گردی کی خبر نشر کی تو آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور ڈی پی او سیالکوٹ سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ تھانہ پاکپورہ کے ایس ایچ او شاہد گجر کا کہنا ہے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔