اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ‘‘احتساب سب کے لیے’’ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور عوام سے ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک لعنت ہے، جس کا خاتمہ کرنا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں بلکہ کرپشن فری پاکستان کیلئے بھرپور کاوشیں کر رہے ہیں۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے واضح کیا کہ میں ایک بار پھر یقین دلاتا ہوں کہ ملک کے تمام سیاستدان نیب کیلئے قابل عزت ہیں۔ نیب کی تمام کارروائیاں حقائق، شواہد اور قانون کے مطابق ہیں۔ نیب کی جانب سے کسی بھی سیاستدان کی کردار کشی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ بدعنوانی پر کسی کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہرگز کردار کشی کے مترادف نہیں ہے۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کا ہر اقدام قانون کے مطابق ہے، جس کا ٹھوس جواز موجود ہے، جو متعلقہ معزز عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔