کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نیب ان ایکشن، غیر قانونی بھرتیوں اور میگا پراجیکٹس میں کرپشن کی شکایات پر محکمہ بلدیات کے سیکریٹری اور ڈی ایم سی ویسٹ کے دفاتر پر چھاپے، فائلیں تحویل میں لے لیں۔
نیب ٹیم سیکریٹری بلدیات کے دفتر پہنچی، چھاپہ مار کارروائی میں عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ نیب اہلکاروں نے سیکریٹری بلدیات کے پرائیوٹ سیکریٹری رمضان سولنگی اور دو ملازمین کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے سیکریٹری بلدیات رمضان اعوان کا موبائل فون اور چھاپہ مار کارروائی میں فائلیں تحویل میں لے لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم مختلف تعمیراتی منصوبوں سے متعلق فائلیں چھاپہ مار ٹیم ہمراہ لے گئی۔
ادھر ڈی ایم سی ویسٹ کے گرفتار ملازم جاوید قمر کی نشاندہی پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن غربی کے دفتر پر بھی نیب ٹیم نے چھاپہ مارا۔ ٹیم نے مختلف فائلیں قبضے میں لے لیں۔ دوسری طرف نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کو بھی طلب کر لیا ہے۔