لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سمیت وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار واپس لینا شروع کر دئیے ہیں۔
سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد پنجاب پولیس نے سابق وزیرِاعظم نواز میاں شریف، اہل خانہ سمیت مختلف وی آئی پی شخصیات اور سیاستدانوں کی سیکیورٹی پر تعینات قواعد و ضوابط سے زائد پولیس اہلکار واپس لینا شروع کر دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) محمد صفدر اور عباس شریف فیملی کے ساتھ سیکیورٹی پر مامور 54 ایلیٹ فورس اور 25 پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
پنجاب کانسٹیبلری، ایلیٹ فورس اور فلائنگ سکواڈ سمیت دیگر فورسز کے ہزاروں اہلکاروں کو مختلف شخصیات کے ساتھ قواعد و ضوابط کے برعکس تعینات کیا گیا ہے جن کو واپس بلایا جا رہا ہے۔ اس کی رپورٹ پیر کے روز سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔