لاہور (دنیا نیوز ) چیف جسٹس نے متعدد سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کو مستعفی ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام اداروں میں فوری طور پر وی سیز کی تعیناتیاں کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
سپریم کورٹ رجسٹری میں کیسز کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعیناتی کے وقت سینئرز کو نظر انداز کیوں کیا گیا عدالت کو اس سے بھی آگاہ کیا جائے، اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جائے کہ اس کوتاہی کا ذمہ دار کون ہے ۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے اس موقع پر کہا کہ نئے وی سیز کی مستقل تعیناتی کیلئے اگست تک کا وقت درکار ہے مہلت دی جائے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس وقت تو حکومت بھی نہیں ہوگی، ڈیڑھ ماہ کا وقت دے رہے ہیں اس کے بعد بھی مستقل تعیناتی نہ کی جا سکی تو آپ ذمہ دار ہوں گے ۔