ایم کیٹ پرچہ سکینڈل، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ذمہ دار قرار

Last Updated On 22 April,2018 06:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایم کیٹ پرچہ سکینڈل میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر سمیت دیگر کو ذمہ دار قرار دیدی گیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمان نے پرچے بیچ کر لاکھوں روپے کمائے۔

ملک کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا سراغ لگا لیا گیا۔ ایم کیٹ کا پرچہ لیک کرنیوالے ملزمان منظر عام پر آ گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی بنائی گئی کمیٹی نے چار صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کر دی۔

کمیٹی رپورٹ کے مطابق پرچہ لیک ہونے میں وائس چانسلر یو ایچ ایس جنید سرفراز، ڈپٹی کنٹرولر اور انچارج صائمہ سرفراز کی غفلت سامنے آئی ہے۔ ملزمان گزشتہ چار سال سے بچوں کے مستقبل سے کھیلتے رہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایجنٹ رانا کاشف اپنے دوست ڈاکٹر بلال کے ذریعے پیپر دوسرے شہروں میں بیچتا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان 2014ء سےایم کیٹ کا پیپر بیچ کر لاکھوں روپے بٹورتے رہے۔