فیصل آباد: 642 خطرناک اشتہاری پولیس کی پہنچ سے دور

Last Updated On 23 April,2018 07:57 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) 642 خطرناک اشتہاری ملزم پولیس کی پہنچ سے دور ہو گئے، پولیس بے بس نظر آنے لگی۔ متعدد خطرناک اشتہاریوں کے بیرون ملک بیٹھ کر پراپرٹی فراڈ کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

صوبائی وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ کے اپنے آبائی شہر فیصل آباد میں پولیس اشتہاری ملزمان کے آگے بے بس ہو گئی۔ پولیس کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے اے کیٹیگری کے 642 خطرناک اشتہاری ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نا آ سکے۔ ملزمان کی گرفتاری کے حوالہ سے سی پی او آفس سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کی کاپی بھی دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ متعدد خطرناک اشتہاری ملزمان بیرون ممالک بیٹھ کر پاکستان میں پراپرٹی فراڈ جیسے سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے حوالہ سے کئی بار احکامات جاری ہونے کے باوجود بھی کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔

مراسلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے بیروں ممالک میں بیٹھ کر معصوم پاکستانیوں کی جان و مال کے نقصان کا مرتکب بننے والے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کی مدد لیتے ہوئے ان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

ادھر ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کارروائی کررہی ہے اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔