پانچ روز قبل ملزم نے شادی سے انکار پر تیزاب پھینک دیا تھا، میو ہسپتال لاہور میں سسک سسک کر جان دیدی
لاہور: (دنیا نیوز) شادی سے انکار جواں سال عاصمہ کے لئے موت کا پیغام بن گیا۔ سیالکوٹ کی رہائشی لڑکی پر ملزم نے تیزاب پھینک دیا تھا، بری طرح جھلسنے پر جانبر نہ ہو سکی۔
سیالکوٹ تھانہ سول لائن کے علاقہ پاکپورہ میں تیزاب گردی کی واردات غریب گھریلو ملازمہ کی جان لے گئی۔ 5 روز قبل ملزم رضوان لطیف نے مقتولہ پر تیزاب پھینک دیا تھا۔ ملزم عاصمہ سے کام پر جاتے ہوئے اکثر چھیڑ خانی بھی کرتا تھا، جس دوران رضوان نے شادی کا بھی کہا، عاصمہ کے انکار پر ملزم طیش میں آ گیا اور مقتولہ پر تیزاب انڈیل کر فرار ہو گیا۔
تیزاب گردی کا شکار 25 سالہ گھریلو ملازمہ کا 90 فیصد جسم جھلس گیا تھا جس پر اسے لاہور ریفر کر دیا گیا۔ 5 روز موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد عاصمہ آج میو ہسپتال میں سسک سسک کر دم توڑ گئی۔
ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور پولیس کے مطابق ملزم نے پٹرول پھینک کے آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے۔