فیصل آباد: گھر میں آگ لگنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق

Last Updated On 23 April,2018 08:13 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سگریٹ کی چنگاری نے گھر میں آگ لگادی۔ آگ لگنے سے بوڑھا معذور باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔ گھر میں پھنسے باقی افراد کو ریسکیو نے بحفاظت بچا لیا۔

فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر عبداللہ کالونی کا رہائشی صادق علی اپنے گھر رات سگریٹ نوشی کے دوران اچانک نیند کی آغوش میں چلا گیا۔ سگریٹ کی چنگاری بستر پر گرنے سے آگ لگ گئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ چھت زمین پر آگری۔ 60 سالہ معذور صادق علی اور اس کی 20 سالہ بیٹی زینب جاں بحق ہوگئے۔ آتشزدگی سے گھر میں قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے گھر میں پھنسے باقی افراد کو بحفاظت نکال لیا۔