طیبہ تشدد کیس: سیشن جج راجا خرم اور اہلیہ ماہین ظفر کی سزائیں معطل

Last Updated On 23 April,2018 06:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے طیبہ تشدد کیس کے ملزمان ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم اور اہلیہ ماہین ظفر کی سزائیں معطل کر دیں۔ سنگل بنچ نے ملزمان کو ایک ایک سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اونگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ ملزمان نے عدالت سے استدعا کی کہ اپیل کا فیصلہ ہونے تک سزاؤں پر عملدرآمد اور پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم اور اہلیہ ماہین ظفر کو ایک ایک سال قید اور پچاس ہزار رو پے جرمانے کی سزا معطل کرتے ہوئے سماعت مئی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ دونوں ملزمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت بھی کروا رکھی تھی۔

راجا خرم اور اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ پر جسمانی تشدد کیا۔ خبر میڈیا پر آنے کے بعد سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا اور معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو بجھوا دیا تھا۔