سوات: (دنیا نیوز) پشتون تحفظ موومنٹ کی ملک دشمنی کھل کر سامنے آ گئی، نوجوان کو جلسہ گاہ میں پاکستانی پرچم لہرانے سے روک دیا گیا۔
پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی ملک دشمنی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے کیونکہ گزشتہ روز سوات میں ہونے والے ایک جلسے میں شریک نوجوان کو پاکستانی پرچم لہرانے سے روک دیا گیا بلکہ کارکنوں نے اسے زبردستی جلسہ گاہ سے باہر نکل جانے کا کہا۔ مجھے کہا گیا کہ پاکستانی جھنڈا لہرا کر بد مزگی پیدا نہ کرو۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ مجھے پی ٹی ایم کے کارکنوں نے کہا کہ جلسہ گاہ سے نکل جاؤ اور پاکستانی پرچم جلسہ گاہ سے باہر رکھ کر آؤ۔ نوجوان نے کہا کہ میں سوات سے تعلق رکھتا ہوں اور ہم پاکستان کے شہری ہیں۔ ہمیں جو بھی شکایت ہے وہ پاکستان کے پرچم تلے کرنی چاہیے۔ منظور پشتین کی ڈور کون ہلا رہا ہے؟ کوئی پاکستانی سرزمین پر کسی کو سبز ہلالی پرچم لہرانے سے کیسے روک سکتا ہے؟
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں پشتون تحفظ مووومنٹ (پی ٹی ایم) کے جلسے میں بھی نوجوان کو پاکستان کا پرچم لہرانے سے روکا گیا تھا۔
دوسری طرف سوات اور بحرین کے شہریوں نے پی ٹی ایم والوں کو کرارا جواب دے دیا، سڑک بند کر کے تنظیم کی گاڑیوں کا راستہ روک لیا، وطن کی محبت سے سرشار غیور شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، ان کا کہنا تھا، سوات کے لوگ ہی نہیں تمام پاکستانی پرامن ہیں۔