کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے شٹر ڈاون ہڑتال کی کال پر شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
شہر قائد میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے شارع فیصل، اورنگی، لیاری، بنارس، بلدیہ ٹاون، دہلی کالونی، ناظم آباد، مومن آباد، شاہ فیصل کالونی، ملیر، لانڈھی سمیت دیگر علاقوں میں احتجاج کیا اور ٹائر بھی نذر آتش کئے۔
ملیر کالا بورڈ پر جماعت اسلامی نے دھرنا دیا اور رکاوٹیں کھڑی کر کے نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریکس کو بند کر دیا۔ دفاتر جانے والے گھروں سے باہر نکلے تو رل کر رہ گئے۔ کالا بورڈ سے ملیر کورٹ تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری بھی پہنچی کارکنان نے کچھ دیر احتجاج کر کے کالا بورڈ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا۔
ادھر کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کے باوجود عدالتوں میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت جاری ہیں۔ جیلوں سے قیدیوں کو بھی سٹی کورٹ لایا گیا ہے۔