لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ڈینگی ملازمین اور ویکسی نیٹرز نے احتجاج کیا۔ مظاہرین کی پنجاب اسمبلی جانے کی کوشش کے دوران کوپر روڈ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
انسدادِ ڈینگی ورکرز نے ریگولر کرنے اور کنوینس الاؤنس سمیت دیگر مطالبات کے حق میں کوپر روڈ پر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے پنجاب اسمبلی کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو اس دوران پولیس سے تصادم ہو گیا۔
پولیس پر پتھراؤ سے 3 اہلکار معمولی زخمی ہوئے، مشتعل مظاہرین نے سرکاری جیپ بھی تباہ کر دی اور اینٹی رائٹ فورس کے حفاظتی آلات جلا دیے۔
مظاہرین پر قابو پانے کیلئے پولیس کی جانب سے واٹر کینن اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا اور 25 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔