لاہور: ( روزنامہ دنیا) گجرات کی ایک خاتون نے اپنے گروہ سے مل کر سادہ لوح شہریوں کو شادی کے بعد لوٹ کر کنگال کر دیا، خاتون سے شادی کرنے والے تین افراد انصاف کے لیے عدالت پہنچ گئے۔
مصباح نامی خاتون ان افراد سے شادی کے چند دن بعد زیور اور نقدی لیکر رفو چکر ہو گئی۔ گجرات کے رہائشی خالد، صابر اور عاطف نے اپنی مبینہ منکوحہ کی تلاش کے لیے عدالت میں درخواست دی ہے۔ تینوں متاثرہ شوہروں نے اپنی ایک ہی بیوی کی تلاش کے لیے رجوع کیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مصباح نامی خاتون ایک گروہ سے ملکر سادہ لوح لوگوں کو لوٹتی ہے، اسے گرفتار کیا جائے۔ خالد نامی شوہر نے موقف اختیار کیا کہ مصباح نے شادی کے تین دن بعد زیور اکٹھا کیا اور رفوچکر ہو گئی۔ دوسرے شوہر صابر کے مطابق مصباح رانی 6 لاکھ روپے لے کر فرار ہوئی جبکہ تیسرے شوہر کا کہنا ہے کہ مصباح اسکی جمع پونجی اور بھاری مالیت کے زیورات لے کر چند روز میں گھر سے بھاگ گئی جبکہ اب مصباح چوتھی شادی کر چکی ہے ،لہذا عدالت انصاف فراہم کرے۔
عدالت نے اخراج مقدمہ سے متعلق مصباح کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے۔