اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے اپنے بیان میں بتایا نیلسن اور نیسکول کے بے نامی دار مالک نواز شریف ہیں، جے آئی ٹی خط کے جواب میں برطانوی حکام نے شریف خاندان کا نام نہیں لکھا۔
احتساب عدالت میں جج محمد بشیر نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔ وکیل خواجہ حارث کی گواہ عمران ڈوگر پر جرح دوسرے روز بھی جاری ہے۔ گواہ تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بتایا جے آئی ٹی کے لکھے گئے ایم ایل کا جواب یو کے سنٹرل اتھارٹی کے ذریعے موصول ہوا، ڈی جی نیب نے نہیں بتایا کہ برطانیہ سے آنے والی دستاویزات کہاں موصول ہوئی ہیں، معمول ہے ایم ایل اے کا جواب نیب ہیڈ کواٹرز سے ہی وصول کرتے ہیں، ایم ایل اے جواب میں موصول دستاویزات کا فرض مقبوضگی اس لیے نہیں بنایا کہ دستاویز فوٹو کاپی تھی، جو دستاویزات موصول ہوئی وہ خط جے آئی ٹی نے گزشتہ سال مئی میں لکھا تھا۔
تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے اپنے بیان میں کہا خط میں جے آئی ٹی نے لندن فلیٹس کے اصل اور بینفشل مالکان کا پوچھا تھا، برطانوی جواب میں نواز شریف اور انکے بچوں کا نام بطور مالک نہیں، ایف آئی اے، بی وی آئی کے خطوط میں نواز شریف کے بچوں کا نام سامنے آیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئے، وفاقی وزراء اور دیگر لیگی رہنما بھی ہمراہ تھے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی۔