راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں، آرمی چیف نے مزید 11 دہشتگردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی جبکہ ٹرائل کورٹ نے دیگر 3 خطرناک دہشتگردوں کو مختلف نوعیت کی سزائیں سنائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں، دہشت گردی کی سنگین وارداتوں اور تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے میں بھی ملوث ہیں، دہشتگردوں کو 24 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 60 افراد کے قتل پر سزائے موت دی گئی، ان دہشتگردوں کے حملوں میں مجموعی طور پر 142 افراد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگردوں برہان الدین، شاہیر خان اور گلفراز خان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، تینوں دہشتگردوں نے مردان میں نماز جنازہ پر حملہ کر کے 30 افراد کو قتل کیا، اس حملے میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عمران خان مہمند بھی جاں بحق ہوئے تھے، تینوں دہشتگردوں نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔