عمران خان نے آج تک بلدیاتی ادارہ تک نہیں چلایا، ترقی یافتہ قوموں کے پاس عمران ہوتا تو وہ ترقی نہ کرتیں
نارووال: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت وعدے نہیں، کام کرتی ہے۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کے ایجنڈے پر کام جاری رکھا، رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی کاموں اور پارٹی ایجنڈے پر عملدرآمد کر کے دکھایا۔ 20 کروڑ کا ملک اناڑی کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، عمران خان نے آج تک بلدیاتی ادارہ تک نہیں چلایا۔
وزیر داخلہ نے خطاب کے دوران کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام ترقی کی سیاست اور پالیسیوں کے تسلسل کو ووٹ دیں گے، 2013 اور 2018 کے پاکستان میں فرق ہے، پاکستان میں ہر بڑے ترقیاتی منصوبے پر نوازشریف کی تختی لگی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قومیں جھوٹے نعرے لگانے سے ترقی نہیں کرتیں، 20 کروڑ کا ملک اناڑی کو نہیں دیا جا سکتا، ترقی یافتہ قوموں کے پاس عمران ہوتا تو وہ ترقی نہ کرتیں۔ عمران خان کرکٹ پر تبصرہ کر سکتے ہیں اچھے کوچ ہو سکتے ہیں مگر عمران نے آج تک بلدیاتی ادارہ تک نہیں چلایا، جس چیز کا تجربہ نہیں وہ کھیل نہ کھیلیں ، شہباز شریف نے 11 ماہ میں میٹرو بنا کر دکھا دی، خیبر پختونخوا حکومت نے میٹرو بس منصوبے کے دوران شہر کو کھنڈر بنا کر رکھ دیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کی ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہو چکا ہے، بجلی کی مانگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں 2200 کلو میٹر سے زیادہ طویل روڈ نیٹ ورک ہو گا۔ دشمن چاہتے ہیں پاکستان اقتصادی طور پر کریش کر جائے، سی پیک کے خلاف دشمنوں نے کروڑوں روپے لگا دیا۔