اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے 5 سالہ دور حکومت میں چیلنجز کے باوجود ترقی کی جانب بڑھے۔ ملک میں بنیادی ڈھانچے، گیس اور بجلی کی قلت سمیت مسائل پر قابو پانے کیلئے مئوثر اقدامات کئے۔ دہشت گردوں کی پتاہ گاہوںکا خاتمہ ہماری حکومت نے کیا.
وزیراعظم نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں دوسری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کررہی ہے، ہماری حکومت نے پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کر دیا، ملک میں پہلی بارٹیکس ریفارمزکی گئی ہیں، 1700 کلومیٹرطویل موٹرویز بنا رہے ہیں، اقتصادی راہداری علاقائی روابط کا وژن ہے، اقتصادی زونز کیلئے بھی سرمایہ کاری کی جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پہلی ترجیح بن رہا ہے، سی پیک کی مسابقت کی فضا معاشی ترقی کا سبب بنے گی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملکی ترقیاتی پالیسیوں پراتفاق رائے سےعمل پیرا ہیں ملک میں بنیادی ڈھانچے کا فقدان تھا جس کی تعمیرمیں ٹھوس سرمایہ کاری کی، ملک میں گیس کی قلت کاخاتمہ کیا، بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کیے، پاکستان کی تیز رفتار ترقی کیلئے شرح نمو کو 9 فیصد تک لے جانا انتہائی ضروری ہے۔