ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملتان پشاور سے بہتر نہ ہوا تو میں ووٹ مانگنا چھوڑ دوں گا۔ کرایہ میں دوں گا, عمران خان آ کر ملتان کا خیبر پختونخوا سے موازنہ کریں۔
ملتان میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں آپ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ہم ملکی ترقی کیلئے آگے بڑھیں گے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ انتخابات میں گھر گھر پہنچائیں گے۔
سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ میرے خلاف کرپشن کا کیس تو دور کی بات الزام بھی نہیں ہے۔ عمران خان خود کہتے ہیں کہ نواز شریف کو نااہل کرنیوالا فیصلہ کمزور ہے۔ کیا آپ کو یہ وجہ معقول لگتی ہے کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا جائے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ملتان آ کر میرا دل تازہ ہو گیا ہے۔ ملتان آج ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہو رہا ہے۔ ملتان میں بہترین ہوائی اڈہ، بہترین میٹرو اور بہترین تعلیم کا معیار ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آ کر ملتان کا خیبر پختونخوا سے موازنہ کریں، کرایہ میں دوں گا۔ ملتان پشاور سے بہتر نہ ہوا تو میں ووٹ مانگنا چھوڑ دوں گا۔