اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب سےمتعلق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پارلیمنٹ میں بیان خوش آئند ہے، نیب بہت سے معاملات پر اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے، نیب ایکٹ ڈکٹیٹر کا قانون ہے جسے جلد ختم ہو جانا چاہیے۔
نوازشریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے چیئرمین نیب سے متعلق پارلیمنٹ میں بیان کی تعریف کرتے ہوئے خوش آئند قرار دیدیا۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب بہت سے معاملات پر اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے۔ نیب کا قانون ختم ہو جانا چاہیئے تھا کیونکہ نیب ایکٹ ڈکٹیٹر کا قانون ہے۔ جتنی جلدی اس قانون کوختم کردیں ملک کیلئے بہتر ہو گا، ڈکٹیٹرشپ کےقوانین کوختم کرنے سے متعلق جلد فیصلہ کرنا ہو گا، میاں نواز شریف نے کہا ترقیاتی کاموں میں اتنا مصروف رہے کہ اس طرف دھیان نہیں گیا، فیصلے کا وقت ہے، جمہوری حکومتوں کے قوانین چلیں گے یا ڈکٹیٹر کے، پرویز مشرف نے نیب کو اپنے مکروہ عزائم کیلئے بنایا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: چئیرمین نیب کو پارلیمنٹ طلب کیا جائے: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب کی طرف سے کچھ ثابت ہونا ہوتا تو پہلے دس روز میں ہو جاتا، حالت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر چل رہا ہے ٹائی ٹینک ڈوبنے کے معاملے پر نوازشریف کو نوٹس جاری ہونے کا امکان ہے۔
تحریک انصاف میں جنوبی پنجاب کے رہنماؤں کی شمولیت سے متعلق نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی محاذ کے جو لوگ تحریک انصاف میں شامل ہوئے انہیں کوئی جانتا تک نہیں۔ جو شامل ہوئے وہ تحریک انصاف کے ساتھ اور عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ گوجرانوالہ سے رانا نذیر کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے سوال پر نواز شریف نے کہا "میں نے بھی سنا ہے کہ رانا نذیر تحریک انصاف میں جا رہے ہیں"۔ نواز شریف نے یاد دلایا کہ رانا نذیر کے بیٹے نے پارٹی صدارت پر مجھے ووٹ نہیں دیا تھا۔ عمران خان کی بریت کے سوال پر نوازشریف نے کہا اللہ نہ کرے ہماری قسمت عمران خان کی طرح ہو۔