نواز شریف کیخلاف پنجاب اور سندھ میں قراردادیں،غداری مقدمات کی درخواستیں

Last Updated On 14 May,2018 07:00 pm

تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی، خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی

 لاہور: (دنیا نیوز) ممبئی حملوں سے متعلق نوازشریف کے متنازع بیان کے بعد مسلم لیگ ن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ تحریک انصاف نے پنجاب اور سندھ اسمبلی میں نواز شریف کے خلاف قرار دادیں جمع کرائی۔ غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لئے مختلف شہروں کے تھانوں میں درخواستیں بھی دی گئی ہیں۔ اسلام آباد میں وکلا نے غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لئے عدالت عالیہ سے رجوع کر لیا۔ 

نواز شریف کے بیان پر سیاسی جماعتوں کا اظہار ناراضی، پنجاب اور سندھ اسمبلی میں قرار دادیں، تھانوں میں شہریوں نے درخواستیں جمع کرا دیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی میں قراردا دجمع کرائی جس میں سابق وزیراعظم کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے قرارداد جمع کرائی۔ حلیم عادل شیخ نے نوازشریف کے بیان کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ کی درخواست جمع کرائی، میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا فوج نے ملک کےلیے بہت قربانیاں دی ہیں، متنازع بیان سوچی سمجھی سازش ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو وکلاء ایڈوکیٹ رائے تجمل حسین اور فہد بن صداقت ایڈوکیٹ کی جانب سے نوازشریف کیخلاف درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نوازشریف نے ریاستی مفاد کے خلاف بیان دیا، وفاقی تحقیقاتی ادارے کو نواز شریف کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔
لاہورہائیکورٹ میں نوازشریف کیخلاف غداری کامقدمہ درج کرانے کیلئے عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور نے درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کا بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے۔ نوازشریف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا حکم جاری کیا جائے۔

فیصل آباد میں شہری کی جانب سے نواز شریف کے خلاف درخواست تھانہ سمن آباد میں جمع کروائی گئی۔ بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں میں بھی نواز شریف کے متنازع بیا ن پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔ اوکاڑہ میں شہری محمد اسلم وٹو نے جبکہ تھانہ منڈی احمد آباد اور تھانہ قائد آباد میں بھی مقامی تاجر چوہدری صداقت نے اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دائر کی ہے، جہلم میں بھی شہری نے اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ سول لائن میں درخواست دی۔