لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لیے درخواست سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری داخلہ دیکھیں کہ اس معاملہ پر آرٹیکل 6 لگتا ہے یا نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف متنازعہ بیان پر مقدمہ درج کروانے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نےعوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا، نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نواز شریف کے خلاف غداری کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کا حکم جاری کرے۔ درخواست گزار نے عدالتی حکم پر نیشنل سیکورٹی کونسل کی آفیشل پریس ریلیز عدالت میں پیش کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری داخلہ دیکھیں کہ اس معاملہ پر آرٹیکل 6 لگتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے درخواست سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی۔