دفاعی اتاشی کی امریکہ روانگی سے پہلے رقم عتیق کے خاندان کو ادا، ورثاء کی تردید
اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) امریکی سفارتخانے کے دفاعی اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے عتیق کے خاندان کو دیت کی مد میں پچاس لاکھ روپے ادا کئے گئے ہیں۔ یہ رقم امریکی سفارتخانے کی بجائے حکومت پاکستان نے ادا کی۔
ذرائع کے مطابق کرنل جوزف کو امریکہ واپس جانے کی اجازت دینے سے پہلے دیت کی رقم مرحوم عتیق کے خاندان کو ادا کردی گئی تھی۔ اس حوالے سے عتیق کے خاندان سے صرف پاکستانی حکام ہی رابطہ میں تھے۔ دوسری طرف مرحوم کے خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل جوزف کو فی سبیل اللہ معاف کیا، امریکی سفارتخانہ سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔
امریکی دفاعی اتاشی کو لینے امریکی طیارہ پاکستان آمد کے روز راولپنڈی کی نورخان ائیر بیس پر سارا دن کھڑا رہا تاہم کرنل جوزف کو روانگی کی اجازت نہیں دی گئی۔ اگلے دن کرنل جوزف کو روانگی کی اجازت کی توجیح پاکستانی دفتر خارجہ نے یوں پیش کی کہ پاکستانی نوجوان کو گاڑی کے ٹائروں تلے روندنے والے امریکی دفاعی اتاشی کو سفارتی استثنٰی حاصل تھا اور امریکہ نے یقین دلایا ہے کہ کرنل جوزف کو قرار واقعی سزا اس کے اپنے ملک میں دی جائے گی۔