لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں انجیو گرافی مشینیں خراب، مریض پریشان

Last Updated On 18 May,2018 05:53 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے سب سے بڑے تدریسی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں انجیو گرافی مشینیں خراب ہو گئیں، دل کے امراض میں مبتلا افراد رل گئے۔ مشینیں کئی ماہ بعد بھی ٹھیک نہیں کرائی جا سکیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں مریضوں کے شدید رش اور عملے کی بے احتیاطی کے باعث انجیو گرافی کی دو مشینیں خراب ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے امراضِ قلب کی جانچ کیلئے یہاں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انجیو گرافی مشینوں کے ذریعے شریانوں کی صورتحال معلوم کی جاتی ہے جس کے بعد مریض کو آپریشن کرنے یا نہ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے امراضِ قلب شعبے میں نہ صرف مقامی بلکہ دیگر اضلاع سے بھی مریض شریانوں کے اس ٹیسٹ کیلئے آتے ہیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اوسطاً تیس کے قریب آپریشن روزانہ کئے جاتے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق مشینوں میں خرابی کی تصدیق تو ہو گئی ہے لیکن یہ کب تک ٹھیک ہوں گی اس کا ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا۔