اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی نے مالی سال 2018-19 کا بجٹ ترامیم کے ساتھ پاس کر دیا، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو فنانس بل کا حصہ بنا دیا گیا۔
مالیاتی بل کی شق وار منظوری کے دوران پیپلزپارٹی کی شازیہ مری نے سگریٹس پر ہیلتھ لیوی عائد کی مخالفت کی، وزیر خزانہ نے تجویز منظور کرتے ہوئے ہیلتھ لیوی ختم کر دی۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈالر اکاونٹ کیلئے ایف بی آر سے رجسٹریشن کرانا ہوگی، منی لانڈرنگ قوانین کے تحت تمام ترسیلات پر چیک رکھنا ضروری ہو گیا ہے۔
قومی اسمبلی نے 266 ارب 25 کروڑ سے زائد کےضمنی مطالبات زر کی منظوری دیدی۔ اس میں سے 258 ارب روپے بیرون ملک قرضوں اور سود کی ادائیگی کیلئے ہیں۔ ضمنی بجٹ پر اسد عمر کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ کہا روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں کا بوجھ اور جاری خسارہ بڑھا لیکن برآمدات پر مثبت اثر پڑا ہے۔