لاہور: (دنیا نیوز) عدلیہ مخالف نعرے بازی کیس میں ملزمان نے عدالت سے معافی کی استدعا کر دی، جسٹس عاطر محمود نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ عدالت ہے، ڈرامہ کرنے کی ضرورت نہیں۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں لاہورہائیکورٹ کے فل بنچ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے دلائل دیئے کہ سیاسی بنیادوں پر ملزمان کے نام لیے گئے ہیں، بانی ایم کیو ایم نے بھی عدالت سے معافی مانگی تھی اور انہیں معاف کر دیا گیا تھا۔ جس پر جسٹس عاطر محمود نے واضح کیا کہ اگر اس طرح معاف کر دیا گیا تو ہو سکتا ہے کہ اس طرح کی بدتمیزی کی روش پڑ جائے۔
عدالت نے پراسکیوٹر سے متعلق استفسار کیا، جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا میسیج آیا تھا وہ بیمار ہیں۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا آپکو جاتی امرا سے میسج آیا تھا۔ لاہورہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے باور کرایا کہ ہائیکورٹ نے ضمانتوں کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کیے۔