لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سیکرٹری فنانس پنجاب حامد یعقوب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے شکیل احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے موقف اپنایا کہ شکیل احمد ڈپٹی اکاؤنٹنٹ کے طور پر ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہا ہے جبکہ درخواست گزار کو محکمانہ پالیسی کے تحت ترقی نہیں دی جا رہی۔ درخواست گزار وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ عدالت کے حکم کے باوجود درخواست گزار کو اپ گریڈ نہیں کیا جا رہا اور شکیل احمد کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکاونٹس افسر نہیں بنایا جا رہا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سیکرٹری فنانس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔ عدالت نے سیکرٹری فنانس کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کروانے کی ہدایت کر دی۔