عالمی رینکنگ، پاکستان پہلی 100 یونیورسٹیوں میں جگہ بنانے میں ناکام

Last Updated On 14 May,2018 12:38 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں پہلی 100 یونیورسٹیوں میں پاکستان جگہ نہ بنا سکا۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیئے جانیوالے 50 ممالک کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ 2018 میں جی سی یونیورسٹی لاہور سمیت پاکستان کی 10درسگاہوں کو ایشیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کیا ہے۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے دوسری مرتبہ جی سی یونیورسٹی کو عالمی رینکنگ میں شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ یونیورسٹی کے تحقیقی مقالوں اور پی ایچ ڈی فیکلٹی میں اضافہ ہے، قبل ازیں جی سی یونیورسٹی لاہور کو ایشیا کی بہترین چارسو یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا تھا۔ ابھرتی معیشت قرار دیئے جانیوالے 50 ممالک کی یونیورسٹیوں میں جی سی یو نیورسٹی لاہور کی رینکنگ 351 پلس ہے جبکہ قائد اعظم یونیورسٹی سمیت پاکستان کی 10 یونیورسٹیاں اس رینکنگ میں شامل ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا انہیں امید ہے کہ 2019 میں جی سی یو کی رینکنگ مزید بہتر ہوگی، سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم فیس سٹرکچر میں اضافہ کیے بغیر اپنے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔ حکومت سے درخواست ہے کہ یونیورسٹی کو فنڈ فراہم کرے تا کہ یہ تاریخی ادارہ عالمی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کر سکے۔