لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کے سکولوں کے بچوں پر سیوریج ٹیکس کے نفاذ کے خلاف متفرق درخواست پر عدالت نے ایم ڈی واسا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہد کریم نے نجی سکولوں کی درخواست پرسماعت کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ واسا نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے پرائیویٹ سکولوں کے ہر بچہ پر 200 روپے سیوریج ٹیکس کا نفاد کیا ہے اور اسکی وصولی سکولز کے بلوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ درخواست گزاران کے مطابق واسا کی جانب سے سیوریج ٹیکس کی وصولی آرٹیکل 4 اور 25 کی خلاف ورزی ہے، ہر بچے پر بھاری سیوریج ٹیکس عائد کرنے کے بعد بچوں کی فیسوں پر اسکا بوجھ پڑے گا۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت اس ٹیکس کے نفاذ کو غیر قانونی قرار دے۔
عدالت نے تاحکم ثانی بچوں سے ٹیکس وصولی روکنے کا حکم دیتے ہوئے ایم ڈی واسا سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔