لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے حالیہ بیانات کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مورچہ لگا لیا، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے حالیہ بیانات کے خلاف احتجاج میں ڈاکٹر یاسمین راشد،عندلیب عباس، شعیب صدیقی، ولید اقبال، سعدیہ سہیل رانا اور دیگر نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو کس منہ سے سپورٹ کر رہی ہے۔ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ وزیرِاعظم اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کو استعفیٰ سے دینا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) سے ملکی سالمیت کو خطرہ ہے۔
اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ کٹھ پتلی وزیرِاعظم نے نیب کی طلبی قابل مذمت ہے۔ پارلیمنٹ میں نواز شریف کو بچانے کے لئے بل پاس کئے جا رہے ہیں۔ نواز شریف نے آرٹیکل 6 اور حلف سے روگردانی کی، جلد وہ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔