اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے، ان کے بیان سے بھارتی موقف کو تقویت مل رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف سے پوچھنا چاہتے ہیں اس بیان کی کیا ضرورت تھی؟ نوازشریف کا انٹرویو اخبارات کی زینت بنا، جسے بھارتی میڈیا نے اچھالا۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا جس نے نوازشریف کا بیان مسترد کر دیا۔ سندھ اسمبلی میں متفقہ طور پر مذمتی قرارداد پیش کی گئی، مولانافضل الرحمان نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے دیانتداری سے مسئلے کو سلجھانے کی کوشش کی، انھوں نے کہا نوازشریف کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اس کے باوجود نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کر دیا۔ نوازشریف نے اپنے وزیراعظم کےاعلامیے کو مسترد کیا ہے۔ اعلامیہ مسترد ہونے پر وزیراعظم کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
رہنما تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں انہوں نے کیا غلط کہا، ان کے بیان سے ملکی مفادات کو کیا نقصان پہنچا۔ بتایا جائے خصوصی طیارہ بھیج کر صحافی کو بلانے کی ضرورت کیا تھی؟ نوازشریف پاکستان کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے، نوازشریف کے بیان سے بھارتی موقف کو تقویت مل رہی ہے۔