لاہور: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے نواز شریف نے سازش کے تحت بیان دیا، انہوں نے جی ٹی روڈ پر کہا ان کے پاس راز ہیں جو بتاؤں گا، نواز شریف اور دیگر کے بیانات میں بہت فرق ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا غیر ریاستی عناصر کہیں جاتے ہیں تو انہیں پاکستانی قرار نہیں دیا جاتا، نواز شریف نے ریاست اور اداروں کو وہی کہا جو بھارت کہتا رہا۔ انہوں نے کہا آرٹیکل 5 کےتحت سب سے زیادہ فرض ریاست سے وفاداری ہے، نواز شریف کو معلوم نہیں بچوں کے پاس 300 ارب روپے کیسے آئے ؟ سابق وزیراعظم نے کارگل میں پاکستان کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، بلوچستان میں بھارت کا حاضر سروس جاسوس پکڑا گیا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا نواز شریف کے بچوں کے بزنس لنک کی تحقیقات ہونی چاہئیں، ہمیں معلوم ہونا چاہیئے نواز شریف کی بھارت کے ساتھ کیا دلچسپی ہے ؟ انہوں نے کہا کلبھوشن کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کا پلان کر رہا تھا، اس نے اسلحہ فراہمی کے لیے پورا نیٹ ورک بنایا ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا نوازشریف کے کمیشن کے مطالبے کو مسترد کرتے ہیں، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی ایک اور میٹنگ ہونی چاہیئے، نوازشریف نے ڈان لیکس کی بھی تصدیق کی۔