لاہور: (دنیا نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی اور اِن کی آمدورفت میں تاخیر معمول بن گئی۔ 24 گھنٹوں میں پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائنز کی 14 پروازوں کی منسوخی نے تو نیا ریکارڈ قائم کر ڈالا، طویل انتظار کی کوفت سے مسافر شدید پریشانی کا شکار رہے۔
لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی اور اِن کی آمدورفت میں تاخیر ایسا معمول بن چکی ہے جس میں بہتری کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی۔ 24 گھنٹوں میں 14 پروازوں کی منسوخی کے ساتھ ساتھ اِن میں تاخیر کا سلسلہ بھی جاری رہا اور مختلف وجوہات کی بنا پر چھ پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر کا سامنا رہا۔ حکام مسائل کی وجہ طیاروں کی کمی اور تکنیکی خرابیوں کو قرار دیتے رہے اور صورت حال میں بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری رہنے کا بھی کہتے رہے۔