اسلام آباد: (دنیا نیوز) جولائی سے مارچ کے دوران بڑی صںعتوں کی پیداوار 5 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ گئی۔ الیکٹرونکس مصنوعات کا شعبہ 45 فیصد ترقی کے ساتھ تمام شعبوں پر بازی لے گیا۔
معاشی ترقی کی ثمرات نظر آنے لگے جس کے باعث عوام کی قوتِ خرید میں اضافے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کی رفتار بھی بڑھ گئی ہے اور صنعتوں کا پہیہ تیزی سے گھومنے لگا ہے۔
جولائی سے مارچ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار 5 اعشاریہ 89 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران صنعتی ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 15 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب صرف مارچ میں ہی بڑی صنعتوں کی پیداوار1 اعشاریہ 84 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملک میں عوام کی قوتِ خرید میں اضافے کا اندازہ اس بات سے باآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ نو ماہ کے دوران الیکٹرونکس مصنوعات کا شعبہ 45 فیصد ترقی کے ساتھ تمام شعبوں پر بھاری رہا۔ آئرن اینڈ سٹیل کا شعبہ 27 فیصد اضافے سے دوسرے اور آٹوز سیکٹر 19 فیصد ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔