اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایاز صادق کا کہنا ہے نگران وزیراعظم کیلئے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف میں حتمی میٹنگ منگل کو ہوگی، لگتا ہے کہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو ہی کرنا پڑے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا خدا کرے کہ اتفاق رائے سے نگران وزیراعظم کا انتخاب ہو، ایسا نہ ہوا تو معاملہ ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا قومی معاملات اتفاق رائے سے حل ہوں تو بہتر ہیں، نگران وزیراعظم کا انتخاب مل کر نہیں کر سکتے تو قومی فیصلے کیا کریں گے۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ حالات اس نہج تک پہنچانے میں سیاستدان بھی شریک ہیں، حکومت کا فیصلہ ووٹوں سے ہونا ہے، انتخابات جمہوری مستقبل کے حوالے سے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا غیر یقینی صورتحال سے نجات آزادانہ اور شفاف انتخابات سے ہی ممکن ہے، انتخابات شفاف نہ ہوئے تو پھر سوالات اٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کسی قسم کے تناؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔