عوام کو دھوکہ دینے والے انتخابات میں منہ کی کھائیں گے: شہباز شریف

Last Updated On 18 May,2018 06:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ہماری سیاست کا محور ملک و قوم کی ترقی ہے۔ عوام کو دھوکہ دینے والے انتخابات میں منہ کی کھائیں گے. یہ گفتگو شہباز شریف نے ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کے دوران کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، دن رات پنجاب کی خدمت کی اس مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، زندگی پاکستان کے عوام کیلئے وقف کر دی۔ ہماری سیاست کا محور ملک اور قوم کی ترقی ہے، عوام خدمت اور جھوٹ کی سیاست کا فرق سمجھ چکے ہیں۔

ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں طبی تشخیص مفت اور ہیلتھ کلچر بدل گیا ہے۔ دوسرے صوبوں میں بھی نئے ہسپتال بنائیں گے، تعلیم ، صحت اور زراعت میں ریکارڈ ترقی کی۔ عوام کو دھوکہ دینے والے انتخابات میں منہ کی کھائیں گے۔