کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے امریکہ کیلئے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف نیب انکوائری سے متعلق درخواستگزار کی اپیل منظور کرتے ہوئے سماعت 31 مئی کے لیئے مقرر کردی۔
دو رکنی بینچ کے روبرو امریکہ میں نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف نیب انکوائری سے متعلق سماعت ہوئی۔ علی جہانگیر صدیقی کے وکیل نے کیس تاریخ تبدیل کرنے کے لیے درخواست جمع کرادی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 5 جون کے لیے مقرر کررکھی تھی تاہم اب 5 جون کے بجائے 31 مئی سنا جائے گا۔ عدالت نے علی جہانگیر صدیقی کے وکیل کی درخواست منظور کرلی۔
نیب نے علی جہانگیر صدیقی کا نام علی سی ایل میں شامل کرنے کے لیے بھی عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ نیب کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کے ملک سے فرار ہونے کا خدشہ ہے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔ ملزم پر مہنگے داموں شئیرز فروخت کرکے سرکاری اداروں کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔علی جہانگیر صدیقی نے ازگارڈ نائن نامی کمپنی کے زریعے شئیرز کا سودا کیا۔ اسٹیٹ بینک کی منظوری کے بغیر فارن ایکسچینج سے متعلق انکوائری نہیں ہوسکتی۔
علی جہانگیر کی دائر درخواست کے مطابق نومبر 2012 میں شیئرز منتقل ہوئے، علی جہانگیر 2010 میں بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مستعفی ہوچکے تھے۔ امریکہ میں سفیر نامزد ہونے پر سیاسی مخالفین نے پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔ علی جہانگیر صدیقی کا نام ای سی ایل شامل کرنے کی درخواست بدنیتی پر مبنی ہے۔