پشاور: (دنیا نیوز) فاٹا کے آئینی ترمیمی بل سے خیبرپختونخوا کی آبادی اور رقبے میں اضافہ ہو جائے گا، اسمبلی میں نشستوں کے اضافے کے ساتھ بجٹ بھی بڑھے گا۔
فاٹا کے خیبرپخوتنخوا میں انضمام کے ساتھ جہاں صوبہ کے رقبہ و آبادی اور نشستوں میں اضافہ ہو گا، 31 ویں آئینی ترمیمی بل سے صوبہ کی آبادی میں 50 لاکھ سے زائد کا اضافہ ہو جائے گا جس کے بعد صوبہ کی آبادی 3 کروڑ 5 لاکھ سے بڑھ کر تین کروڑ 55 لاکھ ہو جائے گی۔
اسی طرح اس وقت خیبرپختونخوا کا کل رقبہ 74 ہزار 521 مربع کلومیٹر ہے فاٹا کا رقبہ 27 ہزار 220 مربع کلومیٹر ہے، انضمام کے بعد صوبہ کا کل رقبہ ایک لاکھ ایک ہزار 741 مربع کلومیٹر ہو جائے گا۔ ارکان اسمبلی کہتے ہیں کہ فاٹا کے انضمام سے خیبرپختونخوا کو فائدہ ہو گا۔ اس وقت صوبہ کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 48 ہے جو پہلے مرحلے میں بڑھ کر 60 ہو جائے گی تاہم 2023 کے الیکشن میں یہ تعداد 54 ہو جائے گی۔