امریکا کے لئے پاکستان کے نئے سفیر واشنگٹن روانہ

Last Updated On 27 May,2018 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا میں تعینات کیے گئے نئے سفیر علی جہانگیر صدیقی امریکا روانہ ہو گئے۔ ان کی تعیناتی پر تجزیہ کاروں نے اعتراضات اٹھائے ہیں۔

امریکا کے لئے پاکستان کے نئے سفیر واشنگٹن روانہ، علی جہانگیر صدیقی 28 مئی کو عہدہ سنبھالیں گے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پر اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی جہانگیر کا ایک ہفتے کیلئے امریکا جانا سمجھ سے بالاتر ہے، انہیں جلد استعفیٰ دینا پڑے گا۔

سینئر تجزیہ کار حسن عسکری کا کہنا ہے کہ حکومت ختم ہو رہی ہے، علی جہانگیر صدیقی کو سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے استعفیٰ دینا پڑ سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں نے تناؤ کا شکار پاک امریکا تعلقات کے تناظر میں نان کیریئر سفیر کی واشنگٹن تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کے لیے نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی 28 مئی کو واشنگٹن میں عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ان کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پاکستانی سفیر اعزاز چودھری 29 مئی کو وطن واپس پہنچیں گے۔

یاد ہے کہ وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے 8 مارچ 2018ء کو علی جہانگیر صدیقی کی نامزدگی کی منظوری دی تھی۔ علی جہانگیر صدیقی وزیرِاعظم پاکستان کے معاون خصوصی جہانگیر صدیقی کے بیٹے ہیں۔

علی جہانگیر صدیقی نجی ایئرلائن ایئربلیو کے ڈائریکٹر بھی رہے۔ ان کی پاناما لیکس میں آف شور کمپنی بھی سامنے آئی ہے۔ سابق سفیروں کی ایسوسی ایشن نے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔