تحریک انصاف کا امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ

Last Updated On 27 May,2018 06:16 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز ) عام انتخابات کا بگل بجتے ہی تحریک انصاف نے انتخابی امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا، پارلیمانی بورڈ کے اجلاس طلب کرلیے۔ 6 جون تک تمام امیدواروں کے حتمی نام سامنے آئیں گے۔

عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی تحریک انصاف سرگرم ہو گئی، تحریک انصاف نے انتخابی امیدوار فوری میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا۔ تحریک انصاف نے ٹکٹوں کے فیصلے کرنے کے لئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس طلب کرلیے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس 31 مئی سے طلب کرلیے گئے جن میں مختلف امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور یہ مرحلہ 6 جون تک مکمل ہوگا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق 41 سو کے قریب امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن سے تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ ہوسکتا ہے۔

تحریک انصاف 31 مئی کو اسلام آباد جبکہ 3 جون کو پنجاب کے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ 4 جون کو فاٹا اور کے پی ،‏5 جون کو سندھ اور 6 جون کو بلوچستان کے امیدواروں کے حتمی نام سامنے آئیں گے۔