نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن آج حلف اٹھائیں گے

Last Updated On 02 June,2018 10:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ محمد زبیر نے نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری کی سمری پر دستخط کر دئیے ہیں، جس کے بعد سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمن آج اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔

نگراں وزیر اعلی کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی، تقریب میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سابق وزراء اور اعلیٰ سول و عسکری افسران شرکت کریں گے۔ گورنر سندھ محمد زبیر نگراں وزیر اعلیٰ سے حلف لیں گے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن ادا کریں گے۔

یاد رہے نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے لئے پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کئے جانے والے سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمن یکم ستمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، فضل الرحمن 2005 سے 2010 تک دو مرتبہ سندھ کے چیف سیکرٹری رہے۔ 2010 میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں فضل الرحمن نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سندھ کے سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ایکسائز اور دیگر عہدوں پر بھی خدمات سرانجام دیں۔

فضل الرحمن اکاوئنٹنٹ جنرل سندھ کے عہدے پر بھی تعینات رہے، فضل الرحمن اس وقت سندھ کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کمیٹی کے رکن بھی ہیں، سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمن کو 2013 میں بھی سندھ کا نگران وزیراعلیٰ بننے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کر دی تھی۔