لاہور: (دنیا نیوز) دوست محمد کھوسہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت ہوئی یا نہیں، معاملے نے ذوالفقار کھوسہ اور فواد چودھری کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا۔ ذوالفقار کھوسہ کہتے ہیں ان کے صاحبزدے بھی پارٹی میں شامل ہو گئے، کپتان کو بھی اعتراض نہیں، فواد چودھری کہتے ہیں پارٹی پالیسی دینا ذوالفقار کھوسہ کا کام نہیں۔
ذوالفقار کھوسہ اور فیملی کی تحریک انصاف میں شمولیت، دوست محمد کھوسہ پارٹی میں شامل ہو ئے یا نہیں، گتھی ابھی تک سلجھ نہیں سکی۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے دوست محمد کھوسہ کی شمولیت کی تردید کی تھی، مگر ذوالفقار کھوسہ نے آج کہانی کھول دی۔ ایک انٹریو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں، جس میں دوست محمد کھوسہ بھی شامل ہیں۔ عمران خان کو اس پر کوئی اعتراض نہیں، یہ بھی کہہ دیا کہ انہوں نے پارٹی کو جوائن کیا ہے، فواد چودھری کو نہیں۔
فواد چودھری نے بھی ذوالفقار کھوسہ کا بھرپور جواب دیا، انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی دینا ذوالفقار کھوسہ کا کام نہیں، پارٹی ترجمان کا کام ہے۔ جہانگیر ترین نے واضح کردیا تھا جو لوگ موجود تھے وہی جماعت میں شامل ہوئے۔
شیریں مزاری نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نئے آنے والے یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ ان کی فیملی بھی پارٹی میں آ گئی۔ کسی قاتل اور زیادتی کے مرتکب کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دوست محمد کھوسہ کو اداکارہ سپنا کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا۔