لاہور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے عوام کو مایوس کیا، پنجاب میں ہونے والی ترقی و خوشحالی کے سفر کو کےپی کے میں لے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام سے ملاقات میں یہ بات کہی۔
ماڈل ٹاون لاہور میں ہونے والی ملاقات میں انجینئر امیر مقام نے پنجاب کے عوام کی خدمت پر محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب آج دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے دیگر صوبو ں کے عوام بھی پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی عدالت میں سرخرو رہی ہے، عمران نیازی نے یوٹرن اور جھوٹ بول کر ہر سطح پر تباہی اور بربادی کی، خیبرپختونخوا کے عوام کو تبدیلی اور انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا گیا، شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بلین ٹریز کے نام پر دھوکہ دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہوسکتے ہیں۔ کے پی کے کے غیور عوام اب نیازی صاحب کے نعروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔