فہمیدہ مرزا نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شمولیت اختیار کر لی

Last Updated On 03 June,2018 08:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شمولیت اختیار کر لی۔ کہتی ہیں پیپلز پارٹی کا کوئی وجود ہی نہیں ہے تو اس میں رہنے یا اسے چھوڑ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قیام پذیر سندھ کے سابق وزیرِ داخلہ ذوالفقار مرزا سے ان کی رہائش گاہ پر فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا نے ملاقات کی جس کے بعد ذوالفقار مرزا کی اہلیہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی وجود ہی نہیں ہے تو اس میں رہنے یا اسے چھوڑ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ الیکشن وقت پر ہوں تو اچھا ہے لیکن اگر ہفتے دو ہفتے تاخیر ہو جائے تو کوئی حرج نہیں، جی ڈی اے کے لیے ہر ایک کے دروازے کھلے ہیں۔

ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ بدین والوں نے ملک وقوم کا خزانہ لوٹنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ فہمیدہ مرزا نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمشنرز ابھی سے حکمتِ عملی مرتب کریں کہ سندھ میں شفاف انتخابات ممکن بنائے جا سکیں۔