کوئٹہ: کوئلے کی کان بیٹھنے سے 3 مزدور اور ایک رضاکار جاں بحق

Last Updated On 03 June,2018 08:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے سنجدی میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 3 مزدور اور ایک رضاکار زندگی کی بازی ہار گئے، تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

کوئٹہ میں کوئلے کی کانیں زندگیاں نگلنے لگیں، چند ہفتوں کے دوران کان بیٹھنے کا تیسرا واقعہ، سنجدی میں کوئلے کی کان اچانک بیٹھ گئی جس سے17 مزدور دب گئے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران تین مزدوروں اور ایک رضاکار کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 14 کو بچا لیا گیا، بارہ رضاکاروں کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق مستونگ اور تین کا خیبر پختونخوا سے ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کوئٹہ کے دو مختلف علاقوں مارواڑ اور سپین کاریز میں کوئلے کی کان بیٹھنے کے واقعات پیش آئے تھے۔ دونوں حادثات میں مجموعی طور پر 18 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔