جسٹس (ر) دوست محمد نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر

Last Updated On 05 June,2018 11:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے جسٹس (ر) دوست محمد کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے اتفاق رائے کے بعد اعلان کیا۔

 حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک کے بعد الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں تمام ارکان نے متفقہ طور پر جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا۔ الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر اختر نذیر نے میڈیا سے گفتگو میں حتمی اعلان کیا۔ دوست محمد خان 1953 میں بنوں میں پیدا ہوئے، جسٹس (ر) دوست محمد 17 نومبر 2011 کو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے، 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور 19 مارچ 2018 کو مدت پوری کر کے ریٹائر ہوگئے۔

 پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے ڈرون حملوں، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو تاحیات ناہل قرار دینے، خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے معاہدوں اور لاپتہ افراد کے بہت سارے کیسز پر فیصلے دیئے۔ خیبر پختونخوا میں موبائل کورٹس اور پشاور ہائی کورٹ میں ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی جسٹس دوست محمد کے دور میں قائم ہوئے۔

نگراں وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے لئے حکومت کی جانب سے اعجاز قریشی اور حمایت اللہ خان کے نام دیئے جبکہ اپوزیشن کی جانب منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد کے نام دیئے گئے۔ سابق وزیراعلی پروزیز خٹک، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی کمیٹی کی ناکامی کے بعد 4 نام الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے تھے، الیکشن کمیشن نے بھجوائے گئے افراد کے کوائف بھی منگوائے تھے۔

 

Advertisement