شعبہ صحت میں ہماری کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، شہباز شریف

Last Updated On 08 June,2018 11:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صحت کے عالمی ادارہ ڈبلیو ایچ او نے پنجاب میں انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی پر پنجاب حکومت کے کام کی تعریف کی ہے۔ سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے پروگرام کے نتائج سب کے لئے قابلِ تقلید ہیں۔

میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کے عالمی ادارہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پنجاب میں صحت کے شعبہ میں کئے جانے والوں کے کاموں کی برملا تعریف کی گئی ہے اور ڈبلیو ایچ او نے 6 جون 2018ء کی اپنی ٹویٹ میں پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے واضح الفاظ میں حکومتِ پنجاب کی حفاظتی ٹیکوں کی پالیسی اور بچوں میں حفاظتی ٹیکے لگوانے کے پروگرام کی تعریف کی ہے اور اس سے حاصل کئے گئے اہداف کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے پروگرام کے نتائج سب کے لئے قابلِ تقلید ہیں۔ صحت کے شعبہ میں مسلم لیگ (ن) حکومت کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ پولیو اور دوسری موذی امراض سے پاک ہی ہماری اگلی نسل پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہو سکتی ہے۔